امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے منسلک مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع ان کے گھر سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس کے مطابق یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب اخبار وال سٹریٹ جرنل نے سکاٹ بیسنٹ کے گھر کی ایک تصویر شائع کی۔ سکاٹ بیسنٹ ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے اور اس کی معیشت کو دباؤ میں لانے کے لیے وسیع تر اقدامات میں پیش پیش رہے ہیں۔ بیسنٹ کو ملنے والی دھمکیوں کی نوعیت واضح نہیں ہے، تاہم امریکی انٹیلیجنس حکام خبردار کر چکے ہیں کہ ایران نے امریکی شہریوں، بشمول سرکاری عہدیداروں، کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔ سی بی ایس کو ایک ذریعے نے بتایا کہ وال سٹریٹ جرنل میں ایک مضمون شائع ہونے کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔ اس مضمون میں آن لائن دستیاب ایسی تصویر شامل تھی جس کی مدد سے وزیرِ خزانہ کے جارج ٹاؤن میں واقع گھر کا مقام معلوم کیا جا سکتا تھا۔ جارج ٹاؤن واشنگٹن کا ایک خوشحال علاقہ ہے جہاں کئی سرکاری عہدیدار اور معروف شخصیات رہائش پذیر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث حکام نے بیسنٹ کو علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ امریکی محکمۂ خزانہ کے ترجمان نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ ’بیسنٹ دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور ایران کی معیشت پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کے لیے پُرعزم رہیں گے۔‘ بی بی سی نے اس معاملے پر وائٹ ہاؤس سے بھی تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ گذشتہ سال ستمبر میں امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس جے کلیٹن نے خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے ممکنہ اہداف کی فہرست میں سابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف مارک ملی بھی شامل ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گذشتہ سال اقتدار میں واپسی کے کچھ ہی عرصے بعد مارک ملی اور جان بولٹن کی سکیورٹی ٹیمیں واپس لے لی گئی تھیں۔ سکاٹ بیسنٹ امریکی حکومت کے ان کئی عہدیداروں میں شامل ہیں جو فوجی اڈوں پر رہائش پذیر ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف سٹاف سٹیفن ملر کو بھی سنہ 2025 کے اواخر میں ایک فوجی اڈے پر منتقل کیا گیا تھا، اس وقت ایران کے ساتھ تنازع شروع نہیں ہوا تھا۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی فوجی اڈوں پر رہتے ہیں۔ ان سے پہلے سابق اٹارنی جنرل پام بونڈی اور سابق انٹیلیجنس سربراہ تلسی گیبارڈ بھی وہاں مقیم رہ چکی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے فروری میں ایران کے خلاف فضائی حملے شروع کیے تھے، جن میں ایران کے رہنما ہلاک ہوئے۔ اس کے جواب میں تہران نے خطے میں امریکی اتحادیوں کو نشانہ بنایا اور آبنائے ہرمز کو عملاً بند کر دیا، جہاں سے عام حالات میں دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور گیس گزرتی ہے۔
ایران سے مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ فوجی اڈے پر منتقل - BBC News اردو
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے منسلک مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع ان کے گھر سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔




